وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے آرمینیا کے ساتھ دہائیوں سے جاری تنازع ختم کرنے اور امن معاہدہ کرنے پر مبارکباد دی اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کے دفتر کے مطابق شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں حالیہ تاریخی معاہدے پر صدر علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے آذربائیجان اور آرمینیا کے تین دہائیوں پرانے تنازع کو پرامن انجام تک پہنچانے اور قفقاز میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے میں صدر علیوف کے بصیرت انگیز کردار کو سراہا۔ شہباز شریف نے امریکی صدر ٹرمپ کے کردار کی بھی تعریف کی۔ صدر علیوف نے کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ حمایت کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام اس مسئلے پر آذربائیجان کے ساتھ ہیں اور خوش آئند ہے کہ صدر علیوف کی قیادت میں خطے میں امن قائم ہوا۔ علیوف نے کہا کہ پرامن ماحول سے پاکستان اور وسطی ایشیا کے تعلقات میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر اعظم نے صدر علیوف کو پاکستان کے دورے کی دعوت دہرائی۔ دونوں کی ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر متوقع ہے۔
سورس اردو پوائنٹ
