شہباز شریف خود مریم نواز کو وزیراعظم کا حلف تھمائیں گے، رانا ثنااللہ

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

اسلام آباد (7 اکتوبر 2025) — وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مستقبل میں وزارتِ عظمیٰ کی امیدوار ہیں، اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف خود انہیں وزیراعظم کا حلف تھمائیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام “خبر” میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ “اس میں کوئی شک نہیں کہ مریم نواز تیاری کر رہی ہیں اور وزیراعظم بنیں گی، شہباز شریف خود ان کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف تھمائیں گے۔”

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ تب ممکن ہوگا جب شہباز شریف سمجھیں گے کہ اب پارٹی کی اگلی نسل کو قیادت سنبھالنی ہے۔ تاہم ان کی موجودہ کارکردگی دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ اگلے انتخابات میں شہباز شریف ہی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہوں۔

رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ “نواز شریف، شہباز شریف یا پارٹی فیصلہ کبھی بھی کر سکتی ہے کہ کون کس عہدے پر ہوگا، لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ مریم نواز مستقبل کی لیڈر ہیں۔”

انہوں نے انکشاف کیا کہ “محسن نقوی صدر آصف زرداری کے منہ بولے بیٹے ہیں، وہ خود کہتے ہیں، اور ان کی صدر زرداری سے ملاقاتیں معمول کی بات ہیں۔ جب بھی ایوان صدر جاتا ہوں، محسن نقوی وہاں موجود ہوتے ہیں۔”

رانا ثنااللہ نے کہا کہ “سیاسی گرما گرمی کے ماحول میں صدر آصف زرداری اور نواز شریف ہی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پہلے بھی کہا تھا کہ محسن نقوی کی مہربانی سے وہ وزیراعظم بھی بن سکتے تھے، لیکن اب حالات تبدیل ہو چکے ہیں، شہباز شریف کی پرفارمنس کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔”

انہوں نے واضح کیا کہ “الیکشن سے پہلے نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے ڈیکلیئرڈ وزیراعظم کے امیدوار تھے، مگر الیکشن کے بعد انہوں نے کہا کہ اگر اکثریت نہیں ملی تو وزیراعظم نہیں بنوں گا، اور پارٹی اجلاس میں خود خواہش ظاہر کی کہ شہباز شریف وزیراعظم بنیں۔”

آخر میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ “مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب ہیں، کوئی عثمان بزدار نہیں، وہ اپنے صوبے کے عوام کی ترقی کی بات کرتی ہیں۔ اگر کوئی انہیں غلط سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے تو اس کا بندوبست کیا جائے گا۔”

Exit mobile version