اسموگ کی سطح میں اضافہ سانس کی بیماریوں، دمہ کے کیسز اور آلودگی سے متعلق دیگر صحت کے مسائل میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے، محکمہ موسمیات
اسموگ کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ، الرٹ جاری کر دیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق اسموگ کی سطح میں اضافہ سانس کی بیماریوں، دمہ کے کیسز اور آلودگی سے متعلق دیگر صحت کے مسائل میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماہ اکتوبر کا اختتام قریب آنے پر لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں سموگ کی شدت دیکھتے ہی دیکھتے بڑھ جانے کا خدشہ ہے۔
اس تمام صورتحال میں محکمہ موسمیات نے اسموگ کی سطح میں اضافے کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں ملک میں اسموگ کی سطح میں اضافہ متوقع ہے، دسمبر کے وسط تک سموگ کی صورتحال شدت کے ساتھ برقرار رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کو اپنے بڑے شہروں میں اسموگ کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، حالیہ مستحکم موسمیاتی حالات کی وجہ سے اس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
صنعتی آلودگی، گاڑیوں کے اخراج کا امتزاج فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں اسموگ کی اثرات زیادہ اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ اسموگ کی سطح میں اضافہ سانس کی بیماریوں، دمہ کے کیسز اور آلودگی سے متعلق دیگر صحت کے مسائل میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ پہلے سے موجود صحت کے مسائل سےدوچار افراد خاص کر بچے اور بوڑھے اسموگ کی وجہ سے زیادہ خطرے میں ہیں۔
اس تمام صورتحال میں عوام کو ہر ممکن احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ماہ اکتوبر کا اختتام قریب آنے پر ملک کے اکثریتی علاقوں میں موسم سرد ہونا شروع ہو گیا ہے۔ جبکہ موسم سرما کے دوران معمول سے کم بارشوں کے امکان کے باعث سموگ کی شدت زیادہ رہنے کا خدشہ ہے۔
