واشنگٹن (20 ستمبر 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیگریشن کو محدود کرنے کے لیے ایچ ون بی (H-1B) ورکر ویزا کی سالانہ فیس ایک لاکھ ڈالر مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایک صدارتی حکم نامے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت اب کمپنیوں کو ایچ ون بی ویزا اسپانسر کرنے کے لیے سالانہ 100,000 امریکی ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بعض صورتوں میں کمپنیوں کو ویزا کے لیے بھاری رقم دینا پڑے گی، تاکہ امریکا میں غیر ملکی ماہرین کی آمد کو کنٹرول کیا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیصلے سے امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بڑا دھچکا لگے گا، کیونکہ یہ کمپنیاں بڑی تعداد میں بھارت اور چین سے آئی ٹی پروفیشنلز کو امریکا میں ملازمت فراہم کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے ویزا فائلنگ فیس 215 ڈالر سے شروع ہو کر مختلف مراحل میں کئی ہزار ڈالر تک جا سکتی تھی، تاہم اب ایک لاکھ ڈالر کی فیس کمپنیوں اور امیدواروں دونوں کے لیے مشکل صورتحال پیدا کرے گی۔
