واشنگٹن (19 نومبر 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شاندار استقبال کیا اور خصوصی عشائیہ دے کر ان کے ساتھ اپنی قریبی تعلقات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے محمد بن سلمان کو "مستقبل کا سعودی بادشاہ” قرار دیا۔
اوول آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ ولی عہد کی آمد ان کے لیے باعثِ خوشی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی سعودی فرمانروا سے بہترین تعلقات ہیں اور انہوں نے خود شاہ سلمان سے کہا ہے کہ ان کا بیٹا نہایت قابل شخصیت ہے۔
ٹرمپ کے مطابق سعودی عرب امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور یہ سرمایہ کاری مزید بڑھے گی، جس کا براہِ راست فائدہ وال اسٹریٹ کو ہوگا۔
محمد بن سلمان کے اعزاز میں دیے گئے خصوصی عشائیے میں معروف شخصیات کرسٹیانو رونالڈو اور ایلون مسک بھی شریک ہوئے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایک سال قبل امریکا کمزور ہو چکا تھا، مگر اب دوبارہ عالمی سطح پر اہم ملک بن گیا ہے۔ ان کے مطابق ان کی واپسی کے بعد صرف ایک سال میں 21 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری ملک میں آئی، جبکہ بائیڈن حکومت چار سال میں بھی اتنی سرمایہ کاری نہیں لا سکی۔ انہوں نے سابقہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں مہنگائی تاریخ کی بدترین سطح پر پہنچی اور پیٹرولیم و گیس کے ذخائر تباہ ہو گئے تھے جنہیں موجودہ انتظامیہ دوبارہ بحال کر رہی ہے۔
ٹرمپ نے ایران پر حملے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ گزشتہ 22 سال سے حملے کی تیاریاں ہوتی تھیں مگر فیصلہ نہیں ہو پاتا تھا، لیکن ان کی انتظامیہ نے کارروائی کر کے ایران کی ایٹمی صلاحیت ختم کر دی، جو کہ پہلے کسی صدر نے نہیں کیا۔
