ترک وفد کا دورہ؛ پاکستان و ترکیہ کا دفاع، مواصلات، ائیرو سپیس اور آٹو موبائل میں جوائنٹ وینچر پر اتفاق

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

بزنس ٹو گورنمنٹ تعاون کو مزید وسعت دینے کی تجویز پیش کی گئی، اسلام آباد تہران استنبول ریلوے ٹریک پر بھی بات چیت ہوئی

پاکستان اور ترکیہ نے دفاع، مواصلات، ائیرو سپیس، فوڈ اور آٹو موبائل میں جوائنٹ وینچر پر اتفاق کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترکیہ کے برصا چیمبر کے 15 رکنی وفد نے وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان سے تفصیلی ملاقات کی جنہوں نے ترک وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعاون کے نئے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، عبدالعلیم خان نے ترکیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے ترک کمپنیوں کی جانب سے یورپ کی طرز پر پاکستان میں جوائنٹ وینچر میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔وفاقی وزیرمواصلات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ناصرف مشکل وقت میں ایک دوسرے کے بہترین دوست ثابت ہوئے بلکہ دونوں ممالک دفاع اور مواصلات کے شعبوں میں سٹریٹجک پارٹنر بھی ہیں، اگر کبھی ضرورت پڑی تو ہر پاکستانی اپنے ترک بھائی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہو گا۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران اسلام آباد تہران استنبول ریلوے ٹریک پر بھی بات چیت ہوئی، جس کے حوالے سے وفاقی وزیر نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، ملاقات میں بزنس ٹو گورنمنٹ تعاون کو مزید وسعت دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی، ترک وفد نے وفاقی وزیر کو برصا کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی، اس موقع پر تک وفد کے شرکاء نے بتایا کہ ترکیہ میں بھی ’جیوے جیوے پاکستان‘ نغمہ جذبے سے گایا جاتا ہے، جو دونوں ممالک کے دلوں کے مضبوط رشتے کی علامت ہے۔

Exit mobile version