زرعی کنکشنز کی سولرائزیشن کے بعد زرعی صارفین کو برقی آلات واپس کرنے کی ہدایت

0
pakalerts.pk

کوئٹہ: کیسکو (QESCO) کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبے کے زرعی ٹیوب ویل کنکشنز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کے تحت تمام زرعی صارفین کے برقی کنکشن منقطع کرنے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد Dismantling (برقی آلات ہٹانے) کا کام جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ عمل چار مراحل میں مکمل کیا گیا جس کے تحت زرعی ٹرانسفارمرز، ایچ ٹی کھمبے اور ان سے منسلک دیگر برقی آلات کو بھی ہٹایا جا رہا ہے تاکہ یہ کنکشن دوبارہ کیسکو کے نیٹ ورک سے منسلک نہ ہو سکیں۔


زمینداروں کی جانب سے عدم تعاون

کیسکو کے مطابق صوبے کے بعض علاقوں میں زمینداروں نے سولرائزیشن منصوبے کی تکمیل کے سلسلے میں تعاون نہیں کیا اور اب تک اپنے ٹرانسفارمرز اور دیگر برقی آلات واپس نہیں کیے۔

ترجمان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سولرائزیشن منصوبے کے تحت تمام زمینداروں کو رقوم کی ادائیگی کردی ہے، جس کے بعد وہ قانونی طور پر پابند ہیں کہ ٹرانسفارمرز، کھمبے اور دیگر برقی آلات کیسکو کو واپس کریں۔


کیسکو کی اپیل

کیسکو نے سولرائزیشن میں شامل تمام زرعی صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت سے رقم وصول کرنے کے بعد اپنے زرعی ٹرانسفارمرز، ایچ ٹی کھمبے اور دیگر برقی آلات کی واپسی کے عمل میں کیسکو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں تاکہ منصوبہ بروقت اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

Exit mobile version