ملاقاتوں پر پابندی ختم ہوگئی، لگ رہا عمران خان کو ریلیف دیا جا رہا ہے، شرجیل میمن

0
pakalerts.pk

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جیل میں ملاقاتوں پر پابندی ختم ہوگئی، یہ لگ رہا ہے کہ عمران خان کو ریلیف دیا جارہا ہے، اس ریلیف کے پیچھے ان کی سابقہ اہلیہ اور سابقہ سالے کا ہاتھ ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے لیے اسرائیلی لابی سنجیدگی کے ساتھ کام کررہی ہے، لابیز عمران خان کو ریلیف دلوانے کے لیے کام کررہی ہیں، جس میں گولڈ سمتھ فیملی کا خصوصی کردار ہے، اس وقت امریکہ میں بھی گولڈ سمتھ لابی سرگرم عمل ہے، حال ہی میں امریکی قانون دانوں نے عمران خان کے حق میں دستخط کیے ہیں اور وہ عمران خان کے حق میں قرار داد لانا چاہ رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ وہی عمران خان ہیں جو کہا کرتے تھے کہ ہم کوئی غلام ہیں، غیرملکی مداخلت نامنظور، بقول ان کے انہیں سازش کے تحت نکالا گیا اور جن ممالک پر وہ سازش کا الزام عائد کرتے تھے آج پی ٹی آئی کی قیادت ان ہی ممالک کے پیروں پر گری ہوئی ہے کہ عمران خان اور اس کی فیملی کو ریلیف دیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آئینی ادارہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں لکھتا ہے کہ عمران خان کی پی ٹی آئی کو 2018ء کے الیکشن میں بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوئی، الیکشن کمیشن کے فیصلے میں اکاؤنٹس اور پیسے بھیجنے والے کی تفصیل بھی شامل ہے، شہید ارشد شریف نے بھی اپنے پروگرام میں بتایا اسرائیلی شخص نے عمران خان کے اکاؤنٹس میں پیسے ڈالے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ جو اسرائیل فلسطین، لبنان اور ایران میں حملے اور نسل کشی کررہا ہے، انسانوں کے وجود کو ختم کررہا ہے، اسے کہیں انسانی حقوق کی پامالی نظر نہیں آتی لیکن عمران خان کی گرفتاری پر ایک بین الاقوامی کانفرنس میں اسرائیل کا نمائندہ کہتا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق پامال ہورہے ہیں، وہی اسرائیل آج عمران خان کو بچانے کے لیے محنت کررہا ہے، ان ساری چیزوں کا پس منظر دیکھا جائے تو ڈاکٹر اسرار احمد کا وہ خطاب صحیح ثابت ہورہا ہے کہ عمران خان اسرائیلی لابی کی جانب سے ہم پر مسلط کیا گیا ہے۔

شرجیل میمن کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کبھی نہیں چاہتی کہ کسی کی ماں، بہن یا بیٹی جیل جائے، ہماری پوری پارٹی دل سے اس چیز کی خلاف ہے، باوجود اس کے کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم احکامات جاری کرکے پیپلزپارٹی کی قیادت اور فریال تالپور کو عید کی رات گھسیٹ کر جیل میں بھیجا گیا، ہم نہیں چاہتے کہ کسی اور کی فیملی کے ساتھ ایسا ہو۔

Exit mobile version