ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کا ملکی ترقی کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات وفاقی دارالحکومت میں ایوان صدر میں نئے چیف جسٹس کی حلف برداری تقریب کے موقع پر ہوئی۔
ذرائع کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی، اس دوران امن و امان اور معاشی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی، سیاسی اور عسکری قیادت کا ملکی ترقی کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان میں ایس سی او کانفرنس کے انعقاد کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی نے ملک کے 30ویں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان سے عہدے کا حلف لیا، ایوان صدر میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت سروسز چیفس شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر، جسٹس عائشہ ملک سمیت دیگر ججز کے علاوہ وفاقی وزراء، دیگر اعلیٰ سرکاری افسران، سینئر وکلاء سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے، حلف برداری کی تقریب کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
