پاکستان تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے یکساں میرٹ کا نظام قائم کرے، آئی ایم ایف کا ایک اورمطالبہ

0
Pakalerts.pk

آئی ایم ایف نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے یکساں میرٹ کا نظام قائم کرے اور بیرونی سرمایہ کاروں کے ساتھ پیشہ ورانہ انداز میں پیش آئے۔ آئی ایم ایف مشن نے خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) کے حوالے سے بھی جامع ورک آؤٹ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ملاقات کے دوران آئی ایم ایف وفد نے ریونیو شارٹ فال، نیشنل فسکل پیکٹ اور توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے پر تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ پاکستان نے ان معاملات پر اقدامات اور اہداف کے حصول کی یقین دہانی کرائی۔

آئی ایم ایف مشن نے مطالبہ کیا کہ پاکستان سرمایہ کاری کرنے والے تمام ممالک کے لیے یکساں سروسز فراہم کرے، اور خلیجی اور یورپی ممالک سمیت ہر ملک کے سرمایہ کاروں کے لیے برابری کی بنیاد پر مواقع فراہم کیے جائیں۔ مذاکرات میں نیشنل فسکل پیکٹ، گردشی قرض، مالیاتی شعبے، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، ریٹیلرز اسکیم اور سرکاری اداروں (SOEs) میں اصلاحات کے امور بھی زیر بحث آئے۔

اس حوالے سے 15 نومبر کو آئی ایم ایف مشن کی اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) حکام سے ملاقات متوقع ہے، اور اس کے بعد خصوصی اقتصادی زونز پر ایک اہم رپورٹ آئی ایم ایف کو پیش کی جائے گی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کے دوران اقتصادی استحکام کے لیے اصلاحات کو جاری رکھنے کا یقین دلایا اور بتایا کہ پہلی سہ ماہی میں زیادہ تر اہداف حاصل کیے جا چکے ہیں۔ یہ مذاکرات 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی پیشرفت اور موجودہ مالی حالات پر گفتگو کے لیے منعقد ہوئے تھے۔

Exit mobile version