رقم کی ادائیگی نہ ہونے پر ویسٹ انڈیزکے کرس گیل بھی ٹورنامنٹ بیچ میں چھوڑ کر چلے گئے
مقبوضہ کشمیر میں کرکٹ کے نام پر انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ فراڈ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین ہیون پریمیئرلیگ (آئی ایچ پی ایل) کے نام سے ٹورنامنٹ میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا جب کہ شان مارش اور شکیب الحسن نے مدعو کرنے کے باوجود ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کردیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ کھلاڑیوں کو پیسوں کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ ملتوی کرنا پڑگیا جب کہ ٹورنامنٹ کی انتظامیہ اور لیگ کے مالکان پیسے دیے بغیر راتوں رات غائب ہوگئے جس کے باعث ویسٹ انڈیز کے کرس گیل بھی ٹورنامنٹ بیچ میں چھوڑ کر چلے گئے ۔
مقبوضہ کشمیرکے بخشی اسٹیڈیم میں پہلے چند میچز کے انعقاد کے بعد حالات خراب ہوئے تاہم پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انڈین ہیون پریمیئر لیگ 25 اکتوبر سے 8 نومبر تک کھیلی جانی تھی جس میں کھلاڑیوں کے ساتھ امپائرز اور ہوٹل مالکان کو بھی ادائیگی نہیں ہوئی۔
دوسری جانب جموں کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن سپورٹس کونسل کے حکام نے ٹورنامنٹ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔






