جماعت اسلامی نے ٹرمپ کے بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت کے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا

0
54
pakalerts.pk
pakalerts.pk

ٹرمپ کا بورڈ آف پیس نو آبادیاتی نظام کی نئی شکل ہے، بورڈ میں عراق کو تباہ کرنے والے ٹونی بلیئر جیسے مجرم موجود ہیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ ٹرمپ کا بورڈ آف پیس نو آبادیاتی نظام کی نئی شکل ہے جس میں عراق کو تباہ کرنے والے ٹونی بلیئر جیسے مجرم موجود ہیں۔ 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بورڈ آف پیس فلسطینیوں کے وسائل اور زمینوں پر قبضے کا نیا نظام ہے۔

تعمیر نو کے نام پر غزہ پر امریکی قبضہ ناقابل قبول ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کا یہ موقف کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت غزہ امن منصوبے کی حمایت کا اعلان کیا حقائق کے برعکس ہے۔

خود ٹرمپ کہہ چکا ہے کہ اس کا بورڈ آف پیس ایک دن اقوام متحدہ کی جگہ لے سکتا ہے۔ ٹرمپ کے اس مؤقف کے بعد پاکستان کا بورڈ میں شمولیت کا کیا جواز؟ ہم ایک بار پھر بہت واضح انداز میں کہتے ہیں پاکستان کی فوج کسی صورت بھی غزہ نہیں جانی چاہیے۔

مزید برآں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پے درپے ملٹری آپریشنوں کے نتیجے میں خیبرپختونخوا اور اس کے ملحقہ قبائلی اضلاع کے محب وطن عوام کو بے گھرکرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، بندوق اور طاقت کے ذریعے مسائل کا حل کبھی بھی دیرپا ثابت نہیں ہوسکتا، حکومت مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرے، کسی بھی ملٹری آپریشن سے قبل سابقہ آپریشنوں کا جائزہ لیا جائے اور قوم کو بتایا جائے کہ ان آپریشنوں کے نتیجے میں کتنا امن قائم ہوا؟ جماعت اسلامی ملٹری آپریشن کے نتیجے میں پرامن عوام کو گھروں سے نکال کرذلیل کرنے کی کبھی حمایت نہیں کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبائی ہیڈکوارٹر مرکز اسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسرمحمد ابراہیم خان، امیر خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع، سابق رکن قومی اسمبلی اورصوبائی جنرل سیکرٹری صابرحسین اعوان بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مرکزی اورصوبائی حکومتوں کی ترجیحات میں عوام کو ریلیف کی فراہمی دور دور تک نظر نہیں آرہی ہے۔

شدید سردی  میں ضلع تیراہ کے لاکھوں متاثرین کو بے گھرکرنے میں وفاقی و صوبائی حکومتیں برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مشرف دور سے امریکہ کی ایما پر ڈالروں کے لیے لوگوں کو ملٹری آپریشنوں کے ذریعے بے گھر کرنے کی جو پالیسی اختیار کی گئی تھی اس کے بعد آنے والی ہرحکومت اسی  راستے پر گامزن رہی۔ مشرف کے بعد زرداری،نواز شریف،عمران خان اور اب شہباز شریف کی حکومت ایک دوسرے کا تسلسل ہیں۔