شارجہ: متحدہ عرب امارات میں آج سے پاکستان، افغانستان اور میزبان یو اے ای کے درمیان سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہورہا ہے۔ پہلا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان آج شام 7 بجے (مقامی وقت) شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ٹرافی کی رونمائی
سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی گزشتہ روز ہوئی جس میں تینوں ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا، افغانستان کے کپتان راشد خان اور یو اے ای کے کپتان محمد وسیم نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کیا۔
کپتانوں کے خیالات
میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا:
"ہماری تیاری مکمل ہے، سابق کھلاڑیوں کی رائے اپنی جگہ مگر اس سے ٹیم کے حوصلے پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔”
افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ ٹیم کو کافی عرصے سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا، تاہم کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
سیریز کا شیڈول
سہ ملکی سیریز میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچز کھیلیں گی جبکہ فائنل 7 ستمبر کو شارجہ میں ہوگا۔
