راولپنڈی: آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی پراکسیز ختم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیل سے بات کی۔
ورکشاپ کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں قومی سلامتی، ترقی اور استحکام سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہاں کے عوام باصلاحیت، محب وطن اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بے پناہ اقتصادی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے عوام بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
آرمی چیف نے نوجوانوں کی ترقی میں سول سوسائٹی کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کی ترقی اور پائیدار استحکام کے لیے سرگرم کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ "فتنہ الہندوستان” اور "فتنہ الخوارج” عوام مخالف پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں اور تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن ملکی سالمیت پر کسی بھی حملے کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔
