پاکستان سے جنگ : صدر ٹرمپ نے نریندر مودی کو خبردار کردیا

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح طور پر کہا ہے کہ اب پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں ہونی چاہیے۔

وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی بھارتی وزیراعظم سے حال ہی میں تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں تجارت سمیت کئی اہم امور پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وہ مسائل کو جنگ کے بجائے تجارت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، اور بھارت سے بھی اسی تناظر میں بات کی گئی ہے۔ ٹرمپ کے مطابق، بھارت اب روس سے مزید تیل نہیں خریدے گا۔

تقریب سے خطاب کے دوران امریکی صدر نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی میں کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق، پاک بھارت کشیدگی کے دوران سات جنگی طیارے تباہ ہوئے تھے، اور دونوں ایٹمی طاقتیں ہونے کے باعث صورتحال خطرناک ہوسکتی تھی۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے دنیا میں آٹھ جنگوں کو ختم کروایا ہے، جن میں سے زیادہ تر تنازعات کو تجارتی بات چیت کے ذریعے روکا گیا۔

چین سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ وہ آئندہ دو ہفتوں میں چینی صدر شی جن پنگ سے مختلف امور پر بات چیت کریں گے۔ ان کے بقول، وہ چین کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیش رفت کرنے جا رہے ہیں

Exit mobile version