بسنت مناتے ہوئے لاہور کا مقامی صحافی چوتھی منزل سے گر کر جاں بحق

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

زین ملک کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر میاں منشی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں بسنت مناتے ہوئے لاہور کا مقامی صحافی چوتھی منزل سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق لاہور میں بسنت مناتے ہوئے افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سنو نیوز سے وابستہ سپورٹس رپورٹر زین ملک چھت سے گر کر جاں بحق ہوگئے، زین ملک کا تعلق لاہور کے علاقے ساندہ سے تھا، یہ افسوسناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ بسنت کی تقریبات کے دوران ایک مکان کی چوتھی منزل پر موجود تھے کہ اسی دوران اچانک توازن کھو بیٹھے اور نیچے گرگئے۔بتایا گیا ہے کہ زین ملک کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر میاں منشی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے، ہسپتال کی جانب سے جاری کیے جانے والے ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں زین ملک کو کی موت کی وجہ اونچی جگہ سے گرنے کے باعث سر پر چوٹ لگنا قرار دی گئی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

معلوم ہوا ہے کہ لاہور میں بسنت کے دوران پتنگ لوٹتے ہوئے 32 سالہ شخص کرنٹ لگنے سے موت کے منہ میں چلا گیا جب کہ سیالکوٹ سے بسنت منانے لاہور آیا نوجوان چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا، ایدھی فائونڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور کے علاقہ باغبانپورہ میں واقع اقبال کالونی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پتنگ لوٹتے ہوئے 32 سالہ شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا، 32 سالہ سلیمان پتنگ لوٹتے ہوئے دھاتی تار کی وجہ سے کرنٹ لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا، پولیس کی جانب سے ضروری کارروائی کے بعد لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔بتایا جارہا ہے کہ لوئر مال کے علاقہ بلال گنج میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا جہاں پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گر کر 16 سالہ نوجوان جان بحق ہو گیا، ایدھی فائونڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ 16 سالہ عبد اللہ پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گر کر شدیدزخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا، متوفی سیالکوٹ سے بسنت منانے لاہور آیا ہوا تھا، پولیس کی جانب سے ضروری کارروائی مکمل کیے جانے کے بعد لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔

Exit mobile version