اگلی بار اسکور 6 صفر تک محدود نہیں رہے گا، 60 صفر ہوگا، ایئروائس مارشل

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

کراچی (6 ستمبر 2025): ایئر وائس مارشل شہریار خان نے یومِ دفاع کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلی بار اسکور صرف 6 صفر تک محدود نہیں ہوگا بلکہ 60 صفر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دینا پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ یہ تقریب محض ایک رسم نہیں بلکہ ایک اعلان ہے کہ پاکستان کے شہری اور محافظ ہمیشہ چوکس اور تیار ہیں۔

ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ 6 ستمبر وہ دن ہے جب پاکستانی قوم نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا اور یہ ثابت کیا کہ ہم ہر محاذ پر تیار ہیں۔ انہوں نے قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور قربانی کے پیغام کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ مزار پر پہرہ دینا اس عہد کی تجدید ہے کہ ہم ان کے نظریات کے امین ہیں اور دشمن چاہے سرحد کے پار سے آئے یا اندر سے نقصان پہنچانے کی کوشش کرے، ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹ جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج خصوصاً پاک فضائیہ نے ہمیشہ عوام کی امیدوں پر پورا اترا ہے اور پاکستان کے تمام آپریشنز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ فضائیہ نے قدرتی آفات، ریسکیو آپریشنز اور عالمی امن مشنز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجیز، ایڈوانس ویپن سسٹمز، اسپیس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایک نیکسٹ جنریشن ایئرفورس بن چکی ہے۔ پاکستانی قوم کو اپنے شہدا اور ماضی کی کامیابیوں پر فخر ہے۔

ایئر وائس مارشل شہریار خان نے عزم ظاہر کیا کہ وطنِ عزیز کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور اگلی بار "اسکور” اللہ کی مدد سے 60 صفر ہوگا۔

Exit mobile version