اسلام آباد (6 ستمبر 2025): صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے 12 ربیع الاول کے موقع پر خصوصی پیغامات جاری کرتے ہوئے امت مسلمہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو تعلیماتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔
ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ لاہور کینٹ کے بی ایکس اسٹیڈیم اور پشاور کے کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں بھی 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
بارہ ربیع الاول کے سلسلے میں گلی گلی چراغاں ہے، مساجد، بازار اور چوراہے سبز پرچموں اور روشنیوں سے سجے ہوئے ہیں۔صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن امت مسلمہ کے لیے خوشی اور عقیدت کا دن ہے۔ 12 ربیع الاول ہمیں یہ عہد یاد دلاتا ہے کہ اپنی زندگیوں کو سیرت نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالیں۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی ایک مثالی معاشرہ قائم کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت نے جہالت کی تاریکی کو علم و ہدایت کے نور میں بدل دیا۔ رسول اکرم ﷺ نے انسانیت کو عدل، مساوات، رحمت اور وحدت کی راہیں دکھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیرت طیبہ ﷺ ہر دور کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے، اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ نئی نسل کو تعلیم، خیر اور امن کی طرف راغب کریں اور انہیں نبی اکرم ﷺ کی سیرت سے روشناس کرائیں۔
