عید میلادالنبیﷺ اور یوم دفاع : صبح سویرے 21 توپوں کی سلامی

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

آج ملک بھر میں عیدمیلادالنبی ﷺ اور یوم دفاع مذہبی اور ملّی جوش جذبے کے تحت منائی کارہی ہے، دن کا آغاز نماز فجر کے بعد 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

لاہور کے بی ایکس اسٹیڈیم میں عید میلادالنبی ﷺ اور یوم دفاع پر 21توپوں کی سلامی دی گئی پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے21توپوں کی سلامی دی۔

اس موقع پر مذہبی اور ملّی جوش و جذبے سے سرشار فوجی جوانوں کی جانب سے پاکستان زندہ باد اورنعرہ تکبیر بلند کیا گیا، توپوں کی سلامی کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔

ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ وفاق میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے مقام پر 31 توپوں کی سلامی جبکہ پشاور کے شیرخان اسٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

اس مبارک موقع پر گلیاں اور بازار سجائے گئے ہیں، ہر طرف چراغاں اور روشنیوں کا سماں ہے۔ درود و سلام کی محفلوں، محافل نعت اور سیرت کانفرنسز کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ گاؤں گاؤں اور شہر شہر عمارتوں کو برقی قمقموں سے مزین کردیا گیا ہے۔

نماز فجر کے بعد مساجد میں امت مسلمہ کے اتحاد، ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں متفقہ قرارداد کے تحت حکومت نے 1447 ہجری کو حضور نبی کریم ﷺ کے 1500ویں یومِ ولادت کے طور پر منانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہونے والی بین الاقوامی سیرت کانفرنس ہوگی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کی شرکت متوقع ہے۔ علاوہ ازیں، وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام اسلام آباد میں آج رات ایک خصوصی محفل نعت بھی منعقد کی جائے گی۔

Exit mobile version