فیصل آباد: سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں دو ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

فیصل آباد (22 ستمبر 2025) — فیصل آباد کے علاقے جوڑے پل پر سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران دو ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے چار ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت محسن اور ذیشان کے نام سے ہوئی ہے جو گھروں میں ڈکیتی، راہزنی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے شہریوں کو زخمی کرنے سمیت 80 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھے۔

سی سی ڈی لائلپور ٹاؤن کے انچارج انسپکٹر صدیق چیمہ کے مطابق مخبری پر علی الصبح جوڑے پل پر چھاپہ مارا گیا تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی۔ اس دوران محسن اور ذیشان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی دو موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔

ترجمان کے مطابق زخمی ڈاکوؤں کو الائیڈ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ دوسری جانب چار ملزمان فصلوں کی آڑ لے کر موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کا تعلق جھوک کھرلاں سے تھا اور وہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والی درجنوں وارداتوں کے مرکزی کردار تھے۔

Exit mobile version