کراچی (22 ستمبر 2025) — سپر ہائی وے میمن گوٹھ کے قریب تین خواجہ سراؤں کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ مقدمہ میمن گوٹھ تھانے میں مقتولین کے ساتھی محمد ظفر کی مدعیت میں الزام نمبر 290/25 کے تحت قتل کی دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولین 20 ستمبر کی شام گھر سے یہ کہہ کر نکلے تھے کہ وہ سپر ہائی وے جا رہے ہیں۔ رات گئے جب وہ واپس نہ آئے تو ان سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہ ملی۔ اگلے روز واٹس ایپ گروپ کے ذریعے اطلاع ملی کہ ان کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق تینوں خواجہ سراؤں کو قریب سے گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ مقتولین میں دو کی شناخت محمد جینل اور الیکس ریاست کے ناموں سے ہوئی جبکہ تیسرے کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی تاہم اسے عام طور پر اسماء کے نام سے پکارا جاتا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں جبکہ واقعاتی شواہد کی مدد سے قاتلوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس نے اس قتل کو ہائی پروفائل کیس قرار دیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔
