فیصل آباد (18 ستمبر 2025): پولیس نے سول اسپتال میں پیش آنے والے تہرے قتل کیس کے تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں طاہر، اس کا بھائی انتظار اور ان کا ساتھی بلال شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق 5 ستمبر کو فیصل آباد میں جائیداد کے تنازع پر دو بھائیوں صابر اور بابر سمیت تین افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سول لائن میں دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج ہے۔ ملزمان کو عدالت سے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے ریس کورس میں اغوا کی واردات نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا۔ محمد مختیار نامی شہری کی پوری فیملی، جس میں اس کی بیوی زوبیہ، 18 سالہ بیٹی آمنہ اور 7 سالہ بیٹا نعمان شامل ہیں، 14 ستمبر کو لاپتا ہو گئے۔
متاثرہ شخص کے مطابق اہل خانہ سودا سلف لینے حبیب اللہ روڈ مارکیٹ گئے تھے لیکن اس کے بعد ان کا کچھ پتا نہ چل سکا۔ پولیس نے 15 ستمبر کو مقدمہ درج کیا تاہم پانچ روز گزرنے کے باوجود مغویوں کا سراغ نہیں مل سکا۔
اہل علاقہ نے لاہور پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے مغوی خاندان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
