ریاض (18 ستمبر 2025): سعودی دارالحکومت ریاض کو پاکستان اور سعودی عرب کے جھنڈوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط رشتے اور گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
شہر کی مرکزی شاہراہوں اور بلند و بالا عمارتوں پر پاکستانی اور سعودی پرچم آویزاں کیے گئے جبکہ کنگ ڈم ٹاور پر دونوں ممالک کے پرچموں کی پروجیکشن نے ماحول کو مزید دلکش بنا دیا۔ اس شاندار سجاوٹ کو عوام اور قیادت کے درمیان مضبوط تعلقات اور دوستی کا خوبصورت مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں بھی سعودی پرچموں اور برقی قمقموں سے سرکاری عمارتوں کو سجایا گیا، جس سے شہر کا منظر مزید پررونق ہوگیا۔ عوام نے اس سجاوٹ کو دونوں ممالک کے برادرانہ رشتے کی علامت قرار دیا۔
واضح رہے کہ ریاض میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت کسی بھی جارحیت کی صورت میں دونوں ممالک ایک دوسرے کا دفاع کریں گے۔ اس معاہدے کو خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
