حکومت کا بڑا قدم: سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم پر منفی پروپیگنڈا روکنے کیلئے سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

اسلام آباد (22 ستمبر 2025) — حکومت نے سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم کے خلاف جاری منفی پروپیگنڈے کو ختم کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت صحت جلد ہی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطہ کرے گی تاکہ انہیں ایچ پی وی ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں سیاسی و مذہبی شخصیات سے نہ صرف مہم کی حمایت کی اپیل کی جائے گی بلکہ ان سے ویکسین کے حق میں بیانات اور سوشل میڈیا پیغامات جاری کرنے کی بھی درخواست ہوگی۔

وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقاتیں کی جائیں گی، جبکہ خواتین پارلیمنٹیرینز کو پہلے ہی ویکسینیشن مہم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جا چکی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا ہے۔ یہ مہم ویکسین الائنس گیوی اور یونیسف کے اشتراک سے شروع کی گئی، جس کے پہلے مرحلے میں پنجاب، سندھ، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں نو سے 14 سال کی بچیوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔

یہ مہم 15 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، جس میں عالمی ادارہ صحت کے تربیت یافتہ 49 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔ یونیسف کے مطابق اس اقدام کے بعد پاکستان ان 150 سے زائد ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے، جہاں عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ حفاظتی ویکسین شیڈول کا حصہ ہے۔

Exit mobile version