اسلام آباد (22 ستمبر 2025) — حکومتِ پاکستان نے ملک بھر میں جاری سرویکل کینسر ویکسینیشن مہم کے حوالے سے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ مہم کے خلاف پھیلنے والے منفی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
وزارتِ صحت کے ذرائع کے مطابق سیاسی و مذہبی جماعتوں سے جلد رابطے کیے جائیں گے تاکہ انہیں ایچ پی وی ویکسین کی افادیت اور مہم کے مقاصد سے آگاہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر ان جماعتوں سے مہم کی حمایت کرنے اور بیانات جاری کرنے کی اپیل کی جائے گی۔
مزید برآں، مذہبی و سیاسی شخصیات کو کہا جائے گا کہ وہ سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغامات جاری کریں تاکہ عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جا سکے اور پائے جانے والے خدشات دور ہوں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفود مختلف مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اس سے قبل وزارت صحت خواتین پارلیمنٹیرینز کو ویکسین سے متعلق تفصیلی بریفنگ دے چکی ہے، جبکہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کو باضابطہ خطوط بھی بھیجے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں 15 ستمبر کو پہلی قومی سرویکل کینسر بچاؤ مہم کا آغاز کیا گیا، جو 27 ستمبر تک پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں جاری رہے گی۔ حکام کے مطابق ویکسین اور سرنجز کی فراہمی وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت آزاد کشمیر تک مکمل کر دی گئی ہے۔
