اسلام آباد (9 ستمبر 2025): وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے بجلی کے بلوں میں بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت متاثرہ علاقوں کے صارفین کے بجلی بلوں سے جنرل سیلز ٹیکس، ایف سی سرچارج اور فکس چارجز ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر جی ایس ٹی اور ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
مزید برآں، بجلی کے بلوں پر عائد انکم ٹیکس، دیگر اضافی ٹیکسز اور ریٹیلر سیلز ٹیکس ختم کرنے کا امکان ہے تاکہ سیلاب زدہ عوام کو براہِ راست ریلیف مل سکے۔
واضح رہے کہ پنجاب سمیت ملک کے کئی حصوں میں حالیہ سیلاب سے زرعی زمینیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی وفاقی حکومت سے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے اور کسانوں کے بجلی بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
