کوٹ رادھا کشن میں واقع فیروز دین تاک میموریل چرچ میں توڑ پھوڑ کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ قصور پولیس کے مطابق چرچ کے انچارج طارق مسیح کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق طارق مسیح نے بتایا کہ جب وہ صبح تقریباً 4 بجے عبادت کے لیے چرچ کھولنے پہنچے تو مرکزی دروازے کی جالیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، مقدس کتابیں پھاڑ کر زمین پر بکھری ہوئی تھیں، کراس کو مروڑا گیا تھا جبکہ ساؤنڈ سسٹم سمیت دیگر سامان کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 گھنٹے کی مسلسل محنت کے بعد ملزم اللہ رکھا کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کوٹ رادھا کشن کا رہائشی ہے اور ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان نے کہا ہے کہ اقلیتوں کی جان و مال کا تحفظ قصور پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس قسم کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
