سندھ حکومت کا مفت آئی ٹی شارٹ کورسز کا اعلان، 35 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی
کراچی (7 اکتوبر 2025) — سندھ حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کے لیے شاندار تعلیمی موقع فراہم کرتے ہوئے چیف منسٹر پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام میں توسیع کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت میٹرک اور انٹر پاس طلبہ اب مفت آئی ٹی شارٹ کورسز کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کورسز محکمۂ انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی کے تعاون سے صوبے کی تین بڑی جامعات میں منعقد کیے جائیں گے، جن میں این ای ڈی یونیورسٹی کراچی، مہران انجینئرنگ یونیورسٹی حیدرآباد اور آئی بی اے سکھر شامل ہیں۔
پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 35 ہزار طلبہ کو تین مراحل میں مختلف آئی ٹی کورسز کی تربیت دی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں 13 ہزار طلبہ کورس مکمل کرچکے ہیں، جب کہ دوسرے مرحلے میں مزید 7 ہزار طلبہ کو شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق شارٹ کورسز کی مدت دو ماہ ہوگی، جن کی تمام تر تربیت مکمل طور پر مفت فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لیے 1,400 ملین روپے کی لاگت مختص کی گئی ہے، جو مالی سال 2025–2026 کے بجٹ میں شامل کی گئی ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد صوبے کے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ مقامی و بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع حاصل کرسکیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت سندھ نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت میں شامل کرنے کے لیے اس پروگرام کو بتدریج صوبے کے دیگر اضلاع تک وسعت دینے کا منصوبہ بھی بنا رہی ہے۔
