عالمی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا کی جانب سے لیڈرشپ اور گورننس میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا
کوالالمپور (7 اکتوبر 2025) — وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو عالمی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا (IIUM) کی جانب سے لیڈرشپ اور گورننس کے شعبے میں پی ایچ ڈی (ڈاکٹریٹ) کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز انہیں ریاست پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ نے بطور آئینی سربراہِ یونیورسٹی ایک پروقار تقریب میں عطا کیا۔
ملکہ پہانگ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی قیادت میں نظم و ضبط، خدمت، خلوص اور انسان دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "شہباز شریف نے ثابت کیا کہ حقیقی قیادت طاقت نہیں بلکہ خدمت اور دیانت سے عبارت ہوتی ہے۔”
وزیر اعظم شہباز شریف نے اعزازی ڈگری حاصل کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی آف ملائیشیا سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔”
انہوں نے کہا کہ "میں نے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک بطور خادمِ پنجاب عوام کی خدمت کی، اور اب پاکستان کے وزیر اعظم کے طور پر پوری قوم کی خدمت میرا مشن ہے۔”
شہباز شریف نے کہا کہ "یہ درسگاہ علم، ایمان اور اخلاق کو یکجا کر کے اعلیٰ تعلیم کو فروغ دے رہی ہے۔ میری خواہش ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون مزید مضبوط ہو۔”
وزیر اعظم نے زور دیا کہ "قیادت کوئی امتیاز نہیں بلکہ ایک امانت ہے۔ آج امتِ مسلمہ کو غربت، تنازعات اور تقسیم جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں نوجوانوں کو علم، تحقیق اور خدمتِ انسانیت کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔”
انہوں نے آخر میں دعا کی کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی آف ملائیشیا مزید ترقی کرے اور مسلم دنیا میں علم و دانش کے فروغ کا مرکز بنی رہے۔
