ممبئی – بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی والدہ اور معروف فنکارہ سون رازدان نے فلسطین پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک جذباتی پیغام میں نہ صرف اپنی حمایت کا اظہار کیا بلکہ اپنے خاندانی پس منظر کو بھی اجاگر کیا، جس سے ان کے اصولی موقف کی جھلک ملتی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ایک طویل پیغام میں سون رازدان نے بتایا کہ ان کے نانا، جو کہ جرمنی سے تعلق رکھتے تھے، ہٹلر کے فاشسٹ دور میں نازی حکومت کے خلاف ایک خفیہ اخبار شائع کرتے تھے، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات اور اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انکشاف کیا گیا کہ قانونی کوششوں کے بعد ان کے نانا کو رہائی تو ملی، لیکن اس شرط پر کہ وہ دوبارہ جرمنی واپس نہیں آئیں گے۔
سون رازدان نے اپنے نانا کی بہادری کو اپنے خاندان کے لیے ایک قابلِ فخر ورثہ قرار دیا اور کہا کہ وہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی اس روایت کو جاری رکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ کسی بھی ناانصافی پر خاموشی اختیار کرنا، ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے، اور ایسے تمام افراد قابلِ تحسین ہیں جو مشکل حالات میں سچ اور حق کے لیے کھڑے ہوتے ہیں۔
اداکارہ نے فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دنیا آخرکار انصاف کا ساتھ دے گی، اور مظلوموں کو ان کا حق ملے گا۔
سورس اردو پوائنٹ






