نیویارک (19 ستمبر 2025): پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ سے متعلق قرارداد امریکا کے ویٹو کے باعث مسترد ہونے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے "ایک سیاہ لمحہ” قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ یہ قرارداد غزہ میں پیدا ہونے والے سنگین انسانی بحران کو کم کرنے کی کوشش تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی معمولی اقدام نہیں تھا بلکہ ایک اہم موقع تھا جس میں اسرائیلی جارحیت، بڑے پیمانے پر تباہی اور ہزاروں فلسطینیوں کی بے دخلی کے دوران عملی قدم اٹھایا جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ قرارداد کی ناکامی کسی کوشش کی کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ صرف امریکا کے ویٹو کے باعث ہوئی، جس پر معذرت کی جانی چاہیے۔
عاصم افتخار نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کا قتلِ عام کررہا ہے، روزانہ بے گناہ شہری شہید کیے جا رہے ہیں، بچے بھوک اور غذائی قلت سے مر رہے ہیں اور اسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک اپنی کوششیں نہیں روکے گا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
