’’60 منٹ میں کینسر ختم‘‘ — پاکستان میں پہلی بار جدید کوآبلیشن کینسر ٹریٹمنٹ کا آغاز

0
pakalerts.pk

لاہور (18 ستمبر 2025): پاکستان میں کینسر کے علاج کے شعبے میں تاریخی پیش رفت ہوئی ہے اور اب مریضوں کو کیمو تھراپی اور ریڈیو تھراپی کے تکلیف دہ مرحلوں سے گزرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ پنجاب میں پہلا جدید کوآبلیشن کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، جہاں صرف 60 منٹ میں کینسر کا جڑ سے خاتمہ ممکن بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جدید سینٹر پاکستان کے لیے ایک بڑا سنگ میل ہے اور پنجاب کینسر کے علاج میں ایک ماڈرن لیڈر کے طور پر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوآبلیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے مریض کو کسی قسم کی اذیت برداشت نہیں کرنی پڑے گی اور یہ علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ جدید مشین چین سے درآمد کی گئی ہے اور خطے میں چین کے علاوہ کسی اور ملک کے پاس موجود نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مشین کی قیمت 25 کروڑ روپے ہے جبکہ اس کے پروب کی قیمت 5500 ڈالر ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کے لیے 5 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا تاکہ کوئی مریض علاج کی لاگت برداشت نہ کر سکے تو اسے مفت سہولت دی جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے کڈنی ٹیومر کے علاج پر بھی کام شروع کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستانی ڈاکٹر شہزاد کو خصوصی ٹریننگ کے لیے چین بھیجا گیا تھا، جہاں انہوں نے اس جدید مشین کے استعمال پر مکمل مہارت حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور کے میو اسپتال میں ایک مشین پہلے ہی آپریشنل ہے اور اس کے ذریعے 5 مریضوں کا کامیاب علاج کیا جا چکا ہے، جو اب صحت یاب ہیں۔ جنوبی پنجاب اور راولپنڈی کے لیے بھی مشینیں آرڈر کی جا رہی ہیں جبکہ زیر تعمیر نواز شریف کینسر اسپتال کے لیے تین مزید مشینوں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ جدید ٹیکنالوجی پاکستان کے کینسر مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے اور ان کی حکومت کا مقصد عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

Exit mobile version