شہباز شریف نے فون پر اعتراف کیا کہ میں نے لاکھوں جانیں بچائی ہیں، بھارتی وزیراعظم کا بھی فون آیا اور مودی نے کہا ہم جنگ نہیں کرنے جا رہے؛ ٹرمپ کا امریکہ سعودی سرمایہ کاری فورم سے خطاب
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے جھگڑے کو ختم کرنے میں 350 فیصد ٹیرف کی دھمکی کارگر ثابت ہوئی، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فون کرکے اعتراف کیا کہ میں نے لاکھوں جانیں بچائیں۔ امریکہ سعودی سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں تنازعات کو حل کرنے میں اچھا ہوں اور ہمیشہ رہا ہوں، میں نے اس حوالے سے برسوں بہت اچھا کام کیا ہے، بھارت اور پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کے ساتھ جنگ کرنے والے تھے، میں نے کہا ٹھیک ہے، آپ لڑ سکتے ہیں لیکن میں دونوں ممالک پر 350 فیصد ٹیرف لگا رہا ہوں، امریکہ کے ساتھ مزید کوئی تجارت نہیں ہوگی۔
اس موقع پر امریکی صدر نے بھارتی و پاکستانی ردِعمل کی نقل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بولے نہیں نہیں، آپ ایسا نہیں کرسکتے، میں جواب دیا میں ایسا کرنے جا رہا ہوں، میرے پاس واپس آؤ تو میں اسے کم کردوں گا لیکن میں آپ لوگوں کو ایٹمی ہتھیار ایک دوسرے پر داغتے نہیں دیکھ سکتا، لاکھوں لوگوں کو مرتے نہیں دیکھ سکتا اور ایٹمی گرد و غبار کو لاس اینجلس پر آتے نہیں دیکھ سکتا، میں ایسا نہیں ہونے دوں گا، یوں اس تنازعے کو ختم کرنے میں 350 فیصد ٹیرف کی دھمکی ہی کارگر رہی۔
ٹرمپ نے کہا کہ کوئی اور صدر ایسا نہ کرتا، جو بائیڈن تو یہ بھی نہیں جانتے کہ ہم کن ممالک کی بات کر رہے ہیں، انہیں کوئی اندازہ نہیں ہوگا، جن آٹھ جنگوں کے خاتمے کا میں کریڈٹ لیتا ہوں، ان میں سے 5 میں نے ٹیرف کی دھمکی کے ذریعے ختم کرائیں، میں آپ کو بتاتا ہوں کہ پاکستان کے وزیر اعظم نے مجھے فون کیا انہوں نے واقعی کہا کہ میں نے لاکھوں جانیں بچائیں اور انہوں نے یہ بات سوزی کے سامنے کہی کہ صدر ٹرمپ نے لاکھوں جانیں بچائیں، انہیں خود اس بات کا اندازہ بھی نہیں لیکن انہوں نے لاکھوں جانیں بچائی ہیں، اسی طرح مجھے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا فون آیا اور ان کے درمیان گفتگو اس طرح ہوئی کہ مودی نے کہا ہم جنگ نہیں کرنے جا رہے، جس پر میں نے جواب دیا کہ بہت شکریہ! آئیے، ایک معاہدہ کرتے ہیں۔
