صرف 1 ماہ میں بھارت سے کروڑوں روپے کی امپورٹس

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد (11 ستمبر 2025): پاک-بھارت کشیدگی اور تجارتی پابندیوں کے دعوؤں کے باوجود شہباز شریف حکومت کے دور میں بھارت سے درآمدات میں نمایاں اضافہ سامنے آ گیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اگست 2025 میں بھارت سے پاکستان کی درآمدات کا حجم 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا، جو اگست 2024 کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال اسی ماہ یہ درآمدات 2 کروڑ 33 لاکھ ڈالر تھیں۔

ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت کے ڈیڑھ سال کے دوران بھارت سے سالانہ بنیاد پر 7 مرتبہ درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اضافہ مارچ، اگست اور ستمبر 2024، جبکہ اکتوبر 2024، فروری اور مارچ 2025 میں بھی دیکھا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مئی 2025 میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ یک طرفہ معطل کیے جانے کے بعد پاکستان نے بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت پر مکمل پابندی کا اعلان کیا تھا۔ اس فیصلے کے تحت نہ صرف براہِ راست بلکہ تیسرے ممالک کے ذریعے بھارتی مصنوعات کی درآمد بھی روکنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل اگست 2019 میں بھی بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے، تاہم بعد میں جزوی طور پر تجارت بحال ہوئی اور صرف زندگی بچانے والی ادویات درآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

تازہ ترین اعداد و شمار نے حکومت کے ان دعوؤں پر سوالات اٹھا دیے ہیں کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات مکمل طور پر منقطع ہیں، جبکہ حقیقت میں درآمدات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

Exit mobile version