اسلام آباد: حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 264.61 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 269.99 روپے ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 1.46 روپے کمی کے بعد یہ 176.81 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ لائٹ ڈیزل 2.40 روپے سستا ہو کر 159.76 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر سے فوری طور پر ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اوگرا نے بھی ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ ستمبر کے لیے فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 1 روپے 17 پیسے کمی کی گئی ہے۔ گھریلو صارفین کے لیے 11.8 کلو گرام کے سلنڈر کی قیمت میں 13 روپے 89 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 2527 روپے 47 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ یہ قیمتیں آج رات 12 بجے سے نافذ ہوں گی۔
