افغانستان میں زلزلہ، 250 افراد جاں بحق

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

کابل (01 ستمبر 2025): افغانستان میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچادی، جاں بحق افراد کی تعداد 250 سے تجاوز کر گئی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں 6 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں 250 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے 20 منٹ بعد 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا بھی محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ زلزلے سے شدید جانی و مالی نقصان ہوا ہے، امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔ افغان طالبان نے بین الاقوامی تنظیموں سے امدادی کارروائیوں میں تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق صوبہ کنڑ میں بھی بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے، جبکہ طالبان حکام کے مطابق ایک گاؤں میں 21 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے۔ متاثرہ علاقے دشوار گزار اور دور دراز ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ کئی مقامات پر موبائل نیٹ ورک اور رابطہ سڑکیں متاثر ہیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے صورت حال مزید سنگین بنا دی ہے۔

خیال رہے کہ 2022 میں مشرقی افغانستان میں 5.9 شدت کے زلزلے سے کم از کم ایک ہزار افراد جاں بحق اور تین ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے، جو گذشتہ دو دہائیوں میں سب سے ہلاکت خیز زلزلہ تھا۔

Exit mobile version