علی پور (28 اگست 2025): فلڈ فورکاسٹنگ پنجاب نے نیا مراسلہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بھارت سے آنے والا ایک اور بڑا سیلابی ریلا 29 اگست کی شام دریائے چناب پر واقع ہیڈ تریموں بیراج پہنچے گا۔
مراسلے کے مطابق ہیڈ تریموں پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے جبکہ 2 ستمبر کو یہ ریلا آگے بڑھتے ہوئے ہیڈ پنجند کے مقام پر بھی خطرناک صورتحال پیدا کرے گا۔
موجودہ صورتحال
شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں اس وقت بھی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ دریائے راوی، چناب اور ستلج کے کنارے بستیاں اور شہر زیرِ آب آچکے ہیں جس کے نتیجے میں اب تک 25 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
جانی نقصان کی تفصیل
صرف گوجرانوالہ ڈویژن میں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
سمبڑیال میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جان سے گئے۔
گجرات میں 4، نارووال میں 3، حافظ آباد میں 2 جبکہ گوجرانوالہ میں 1 شخص جاں بحق ہوا۔
حکام کے مطابق پنجاب میں اس وقت تاریخ کا بدترین سیلاب جاری ہے اور متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
