لاہور (19 دسمبر 2025):
پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کے کئی اہم حصے عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11، موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک اور موٹروے ایم 3 فیض پور سے رجانہ تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم 4 خانیوال سے ملتان تک جبکہ موٹروے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک شدید فوگ کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔
سینٹرل ریجن موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ہیوی ٹرانسپورٹ کے لیے موٹروے ایم 5 رحیم یار خان سے روہڑی تک بند کر دی گئی ہے۔ قومی شاہراہ پر کسوال، اقبال نگر، چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں شدید دھند جبکہ خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں دھند چھائی ہوئی ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ بعض مقامات پر صفر سے 100 میٹر تک رہ گئی ہے، جس کے باعث لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مسافر اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کریں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے معمول سے زیادہ فاصلہ برقرار رکھیں۔ سفر سے قبل موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 یا نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے تازہ صورتحال معلوم کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
