کوئٹہ میں مٹی کا طوفان ، نظامِ زندگی متاثر

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

کوئٹہ میں مٹی کا طوفان، نظامِ زندگی مفلوج

سمندری طوفان "شکتی” کے اثرات بلوچستان تک پہنچ گئے، حدِ نگاہ شدید متاثر

کوئٹہ (7 اکتوبر 2025) — سمندری طوفان “شکتی” کے اثرات بلوچستان تک پہنچنے کے بعد صوبائی دارالحکومت کوئٹہ مٹی کے شدید طوفان کی لپیٹ میں آگیا، جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہوگئی اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق وسطی اور شمالی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گرد و غبار اور مٹی کے طوفان نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا۔ فضا میں گرد کی مقدار بڑھنے سے سانس اور دمہ کے مریضوں کو خاصی دشواری کا سامنا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مکران کی ساحلی پٹی کے قریب سے گزرنے والے سمندری طوفان “شکتی” نے بلوچستان کے موسم پر بھی اثر ڈالا ہے۔ طوفان کے باعث ہواؤں کا رخ سمندر کی جانب مڑ گیا، جس کے نتیجے میں قندھار سے اٹھنے والا گرد و غبار وسطی بلوچستان تک پھیل گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران موسم بتدریج صاف ہونے لگے گا، تاہم اس دوران خشک اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے کوئٹہ اور چمن میں موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔

دوسری جانب بالائی علاقوں میں برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔ دیامر، چلاس، کاغان، بٹہ کنڈی، جلکھڈ، بیسر اور نوری ٹاپ میں برف کی چادر نے حسین مناظر پیدا کر دیے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بابو سر ٹاپ پر 14 انچ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ کالام اور شانگلہ کے پہاڑوں پر بھی موسمِ سرما کی پہلی برفباری کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی ہے۔

Exit mobile version