شبلی فراز کی نااہلی کے بعد خالی سینیٹ نشست پر الیکشن کا شیڈول جاری

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

انتخابات 30 اکتوبر کو ہوں گے، امیدوار کل سے کاغذات جمع کرا سکیں گے

پشاور (7 اکتوبر 2025) — الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا سے خالی ہونے والی سینیٹ کی جنرل نشست پر انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہ نشست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 8 اور 9 اکتوبر کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جب کہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 10 اکتوبر کو شائع کی جائے گی۔

شیڈول کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال 13 اکتوبر تک مکمل ہوگی۔ منظوری یا مستردی کے خلاف اپیلیں 15 اکتوبر تک دائر کی جا سکیں گی، جن پر فیصلے 17 اکتوبر تک سنائے جائیں گے۔

امیدواروں کی نظرِ ثانی شدہ فہرست 18 اکتوبر کو جاری کی جائے گی، جب کہ امیدوار 20 اکتوبر تک اپنے کاغذات واپس لینے کے اہل ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ 30 اکتوبر کو ہوگی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنماؤں شبلی فراز، عمر ایوب اور دیگر کو 9 مئی کے مقدمات میں انسدادِ دہشت گردی عدالت فیصل آباد کی جانب سے سنائی گئی سزاؤں کی بنیاد پر نااہل قرار دیا تھا۔

شبلی فراز کی نااہلی کے بعد خیبر پختونخوا سے خالی ہونے والی نشست پر یہ پہلا ضمنی سینیٹ الیکشن ہوگا، جس کے نتیجے میں ایوانِ بالا میں نئی سیاسی صف بندی متوقع ہے۔

Exit mobile version