راولپنڈی: جڑواں شہروں میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر میٹرو بس سروس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق، یہ اقدام ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سیکیورٹی خدشات کے باعث اٹھایا گیا ہے۔
میٹرو بس سروس صدر اسٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ تک معطل کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل سفری ذرائع استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث اورنج ٹرین سروس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل، اورنج لائن کے متعدد اسٹیشنز مسافروں کے داخلے کے لیے بند کیے جا چکے تھے۔
ذرائع کے مطابق، اورنج ٹرین آج اور کل بند رہے گی، جبکہ پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو اسٹیشنز پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یہ اقدامات ایک مذہبی سیاسی جماعت کے ممکنہ احتجاجی مارچ کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔ اسی وجہ سے موٹر وے ایم-2 (لاہور تا اسلام آباد) کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق، بابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹر وے پر داخلہ بند کر دیا گیا ہے، جب کہ اسلام آباد موٹر وے پر بھی عام ٹریفک کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
مزید برآں، ریڈ زون میں داخلے کے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ سرینہ چوک، ایکسپریس چوک، نادرا چوک، اور میریٹ چوک پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔
رات گئے فیض آباد کے قریب مری روڈ اور فیض آباد بس اڈے کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔ اسی طرح زیرو پوائنٹ پر بھی راستے بند کیے گئے، جبکہ ایکسپریس وے پر کنٹینرز تو رکھے گئے ہیں مگر ایک گاڑی کے گزرنے کی گنجائش چھوڑ دی گئی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تازہ ترین ٹریفک صورتحال سے باخبر رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
