بنوں: سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

بنوں (10 اکتوبر 2025) — کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بنوں میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو مقابلے کے دوران ہلاک کردیا۔

ڈی آئی جی سجاد خان کے مطابق، ہلاک دہشت گردوں میں راشدین عرف ملنگ یار بھی شامل ہے جو دہشت گردوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا تھا۔ وہ چار سی ٹی ڈی اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھا۔ دوسرے ہلاک دہشت گرد کی شناخت خالد عثمان کے نام سے ہوئی ہے۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوفیں، چھ میگزین، 23 گولیاں، دو دستی بم، دو موبائل فونز اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے دو کارڈز برآمد کیے گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق، انہیں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم "فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد تھانہ ڈومیل کی حدود میں کمپنی روڈ پر بڑی دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیم اور ضلعی پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دونوں دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، دونوں ہلاک دہشت گرد پولیس پر حملوں اور دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں بھی مطلوب تھے۔
علاقے میں دیگر مفرور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

Exit mobile version