سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت و سماجی ترقی نے اعلان کیا ہے کہ مملکت کے 95 ویں یومِ وطنی کے موقع پر عام تعطیل ہوگی۔ وزارت کے اعلامیے کے مطابق یہ تعطیل منگل، یکم ربیع الثانی 1447ھ بمطابق 23 ستمبر 2025 کو دی جائے گی اور اس کا اطلاق سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش تمام اداروں پر ہوگا۔
یومِ وطنی سعودی عرب کا قومی دن ہے جو ہر سال ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، شاندار آتش بازی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے ساتھ دفاعی تعاون میں مضبوط ہیں اور مشترکہ دشمن کے مقابل شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سعودی وزیر دفاع کے بیان کو شیئر کرتے ہوئے اسے پاک سعودی تعلقات کی تاریخ کا نیا اور اہم موڑ قرار دیا۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان نے ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کے بارے میں لکھا کہ "سعودیہ اور پاکستان جارح کے مقابل ہمیشہ ایک ہی صف میں رہیں گے۔”
