غزہ: اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والی فلسطینی صحافی مریم ابو دقہ کا اپنے کم سن بیٹے غیث کے نام لکھا گیا آخری خط سامنے آ گیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی ماں کی محبت، قربانی اور بیٹے کے مستقبل کے خواب سمیٹ دیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مریم ابو دقہ نے خط کی ابتدا بیٹے کو مخاطب کرتے ہوئے ان الفاظ سے کی:
“غیث، تم اپنی ماں کا دل اور جان ہو۔ رو مت، بس میرے لیے دعا کرنا تاکہ مجھے سکون مل سکے۔”
نصیحت اور امیدیں
شہید صحافی نے اپنے بیٹے کو نصیحت کی کہ وہ ایمان، محنت اور تعلیم میں کمال حاصل کرے تاکہ ایک باعزت اور کامیاب شخصیت کے طور پر زندگی گزار سکے۔ انہوں نے اسے یہ بھی کہا کہ اپنی ماں کی قربانی کو فخر کے ساتھ یاد رکھے اور ہمیشہ وقار کے ساتھ جئے۔
ماں کی آخری خواہش
خط میں مریم ابو دقہ نے بیٹے سے یہ وصیت بھی کی کہ:
“جب تم بڑے ہو جاؤ اور تمہاری بیٹی ہو تو اس کا نام مریم رکھنا، اپنی اس ماں کے نام پر جس نے تمہیں بے پناہ محبت دی۔”
انہوں نے بیٹے کو سب سے اہم نصیحت یہ کی کہ اپنی نماز کو کبھی نہ چھوڑنا کیونکہ وہی اس کی اصل طاقت ہے۔
