تیانجن (01 ستمبر 2025): وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 25ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے۔
پیر کو کنونشن سینٹر آمد پر اجلاس میں شریک رہنماؤں کا گروپ فوٹو سیشن ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اہم عالمی رہنماؤں سمیت رکن ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔
اجلاس کا باضابطہ آغاز چین کے صدر شی جن پنگ کے افتتاحی خطاب سے ہوا۔ انہوں نے ایس سی او کے مقاصد، اہداف اور اب تک کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تنظیم وقت کے ساتھ ایک مضبوط ادارہ بن چکی ہے جو باہمی اعتماد اور مفادات کے اصولوں کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔
صدر شی جن پنگ نے زور دیا کہ ایس سی او ممالک میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعلقات مزید فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو قریب لانے پر بھی توجہ دینا ہوگی۔
