اسلام آباد: موٹر سائیکل چوری میں ملوث گروہ کے 2 کارندے گرفتار

0
Pakalerts.pk

تھانہ سبزی منڈی پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ایک منظم گروہ کے دو ارکان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کے چار چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں موٹر سائیکل چوری اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر رکھا ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ سبزی منڈی کی پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ اطلاعات کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے منظم گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے چار قیمتی موٹر سائیکل برآمد کیے گئے ہیں جن کی مجموعی مالیت لاکھوں روپے ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت نور اور سید میر شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کے خلاف پہلے سے بھی کئی مقدمات درج ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں ان ملزمان نے تھانہ سبزی منڈی اور اطراف کے علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان نے اس حوالے سے کہا کہ پولیس کی جانب سے راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات جاری ہیں، جن کے باعث وفاقی دارالحکومت میں ان جرائم میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے تمام پولیس افسران کو ہدایت دی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رکھی جائیں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع قریبی تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن "پکار 15” پر فوری طور پر دیں تاکہ جرائم کی روک تھام میں مدد مل سکے۔

Exit mobile version