بھارت نے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک کا ریلا چھوڑ دیا، پنجاب کے متعدد علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی

0
104
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں دو لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے اور مسلسل بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے۔ دریائے چناب، ستلج اور راوی میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد کے قریب پہنچ گیا ہے۔

محکمہ انہار کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 9 لاکھ کیوسک سے تجاوز کرگیا ہے، جبکہ خانکی کے مقام پر بہاؤ 6 لاکھ 57 ہزار 511 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جو شدید سیلابی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ ہیڈ مرالہ اور خانکی بیراج دونوں 11 لاکھ کیوسک پانی برداشت کرنے کی گنجائش رکھتے ہیں۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ اگر پانی کا بہاؤ ساڑھے 10 لاکھ کیوسک تک پہنچا تو حفاظتی بندوں میں شگاف ڈالے جائیں گے۔ ان کے مطابق ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کا بھی وافر ذخیرہ موجود ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے جہاں بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار 236 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ 12 گھنٹوں میں یہ سطح بڑھ کر 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔

دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 26 ہزار 240 کیوسک تک جا پہنچا ہے۔ شاہدرہ اور موٹر وے ٹو کے نشیبی علاقوں میں بھی سیلابی پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔

ادھر بہاولپور کی تحصیل خیرپور ٹامے والی سمیت دریائی بیلٹ کے علاقوں میں پانی تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں، مکانات اور کئی سرکاری اسکول متاثر ہوئے ہیں۔ حکام نے ممکنہ نقصان سے بچنے کے لیے نشیبی اور دریائی علاقے خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔