کوئٹہ میں حلقہ بندیوں اور مردم شماری سے متعلق تمام آئینی درخواستیں خارج

0
108
pakalerts.pk
pakalerts.pk

کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے کوئٹہ میں حلقہ بندیوں اور مردم شماری سے متعلق تمام آئینی درخواستیں خارج کردیں۔

بلوچستان ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے، بلوچستان ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح طور پر کہا کہ حلقہ بندیوں کا اختیار آئینی طور پر الیکشن کمیشن کے دائرہ کار میں آتا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کسی ووٹر کو حق رائے دہی سے محروم کیے جانے کے شواہد پیش نہیں کیے گئے۔

فیصلے کے متن میں کہا گیا کہ درخواست گزار حلقہ بندیوں کیخلاف باضابطہ اعتراضات دائر کرنے میں ناکام رہے، حلقہ بندیوں میں مداخلت عدالتی دائرہ کار میں نہیں۔

بلوچستان ہائی کورٹ نے 2023 کے تمام عبوری احکامات واپس لےلیے، جسٹس اقبال احمد کاسی اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل ڈویژنل بینچ کی جانب سے فیصلہ سنایا گیا۔

ہائیکورٹ نے کہا کہ ووٹ کی طاقت اور توازن ہر انتخابی نظام کی اساس ہے، متن میں کہا گیا کہ 2017 کی مردم شماری کی بنیاد پرحلقہ بندیوں کے خلاف دلائل مسترد کیے جاتے ہیں۔

عدالتی فیصلے کا متن میں مزید کہا گیا کہ کسی قانونی شق کی خلاف ورزی ثابت نہیں ہوئی جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ نے عوامی مفاد میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔