تیانجن (01 ستمبر 2025): چین کے صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز پیش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا 25واں سربراہ اجلاس چین کے شہر تیانجن میں جاری ہے، جس میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سمیت رکن ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ایس سی او باہمی اعتماد اور مفادات کے اصولوں پر آگے بڑھ رہی ہے اور وقت کے ساتھ ایک تناور درخت کی طرح ترقی کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے، خاص طور پر تجارت، معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں۔
چینی صدر نے زور دیا کہ وسائل میں اضافے اور ترقی کے لیے استعداد کار بڑھانا ضروری ہے۔ انھوں نے ایس سی او ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے اہداف حاصل کرنے کے لیے فوری فیصلہ سازی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شی جن پنگ نے کہا کہ مشترکہ خوش حالی کے لیے تجارتی اور مواصلاتی روابط کو مزید وسعت دینا ہوگی۔ چین رکن ممالک کی سماجی اور معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور ایس سی او ممالک کو اپنے عوام کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ بارڈر ٹریڈنگ کے پرانے نظام کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ اقوام متحدہ کے منشور کی روشنی میں کثیر الجہتی تجارتی نظام کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ دنیا بھر کی تمام اقوام برابری کی بنیاد پر فائدہ اٹھا سکیں۔ ان کے مطابق عالمی حکومتی نظام کو انصاف اور برابری کی بنیاد پر بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
