تہران (21 اکتوبر 2025) — ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ “ہمارے جوہری اثاثے تباہ کرنے کے خواب دیکھتے رہو، یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔”
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ “ایران کے پاس ایٹمی تنصیبات اور صنعتیں ہیں یا نہیں، اس سے امریکہ کا کوئی تعلق نہیں۔ یہ مداخلت نامناسب، غلط اور کھلی بدمعاشی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “اگر آپ واقعی قابل ہیں تو دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنے اور جھوٹ پھیلانے کے بجائے اُن لاکھوں امریکی شہریوں کو مطمئن کریں جو آپ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔”
دوسری جانب ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے دو مقامی ساختہ بیلسٹک میزائلوں "عماد” اور "قدر” کے اپ گریڈ شدہ ورژنز کی رونمائی کی ہے۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق "قدر” میزائل کو جدید الیکٹرانک وارفیئر سسٹم سے لیس کیا گیا ہے جو دشمن کے ریڈار اور مواصلاتی نظام کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ "عماد” میزائل کو بھی جدید خطوط پر مکمل اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
آئی آر جی سی کے ایرو اسپیس فورس کے ایک سینئر کمانڈر کے مطابق ایران کی میزائل طاقت “ہر گھنٹے بڑھ رہی ہے”، اور نئے میزائل لانچرز پر نصب کر دیے گئے ہیں جو حکم ملتے ہی فائرنگ کے لیے تیار ہیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایران کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ اور خطے میں اس کی اسٹریٹجک پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے متعدد علاقوں پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے تھے جن میں جوہری اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں کئی سینیئر کمانڈرز، جوہری سائنسدان اور شہری جاں بحق ہوئے تھے، جس کے جواب میں ایران نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ بعد ازاں 24 جون کو دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا۔
